اپوزیشن اتحاد کے ذریعہ بی جے پی کو شکست دینا مشکل نہیں ' راہول گاندھی
دہلی 9جون ( ایجنسیز ) قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا کہ وہ آپس میں متحد رہتے ہوئے بی جے پی کا مقابلہ کرسکتے ہیں اور جو متحد نہیں رہے گا اس کا زوال یقینی ہوجائے گی ۔ راہول گاندھی نے اپوزیشن انڈیا اتحاد کی جماعتوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جتنا زیادہ اتحاد ہوگا اتنا زیادہ استحکام ہوگا ۔راہول گاندھی نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو یہ قبول کرنا چاہئے کہ انہیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا تاکہ بی جے پی جیسی سیاسی مخالف سے مقابلہ کیا جاسکے ۔ اجلاس میں راہول گاندھی نے اپنے پندرہ منٹ کے خطاب میں اس بات پر ناراضگی کا اظہار کیا کہ کچھ انڈیا اتحاد کی جماعتوں نے کانگریس کا ساتھ نہیں دیا ہے جب پارٹی نے ووٹ چوری کے خلاف مہم چلائی تھی ۔ انہوں نے ان جماعتوں کو بھی نشانہ بنایا جو وقفہ وقفہ سے کانگریس پر تنقیدیں کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد میں شامل رہتے ہوئے ایک دوسرے پر تنقیدیں کرنا مناسب نہیں ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ راہول گاندھی نے بالواسطہ طور پر ترنمول کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کو نشانہ بنایا ہے ۔ انڈیا اتحاد کی تمام جماعتوں نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ وہ ایس آئی آر کے تعلق سے پائی جانے والی تشویش پر چیف جسٹس سے رجوع کریں گی اور ووٹر لسٹ میں خرد برد کی شکایت کریں گی ۔ انڈیا اتحاد کی جماعتوں نے اس سلسلہ میں جلدی ہی چیف جسٹس کو مکتوب حوالے کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کو شکست دینا زیادہ مشکل نہیں ہے ۔ انہوں نے گذشتہ لوک سبھا انتخابات کی مثال پیش کی جس میں بی جے پی از خود اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو پائی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہئے کہ وہ خود کو کمزور کرنے کی کوششیں ترک کرے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے اپنے خطاب میں مثال پیش کی کہ مرکزی حکومت نے حلقہ جات کی از سر نو حد بندی کا بل پیش کیا تھا تاہم اپوزیشن جماعتوں نے اپنے اتحاد کے ذریعہ اسے ناکام بنادیا ۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ کن انداز میں مودی حکومت کو شکست دی گئی ۔ اب تمام جماعتوں کو اسی جذبہ کے تحت کام کرنے اور آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم کئی سیاسی ' معاشی ' سماجی اور خارجہ پالیسی کے چیلنجس پر حکومت کو گھیر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام محاذوں پر مودی غلط حکمرانی کر رہے ہیں اور ملک کو مسائل کا سامنا ہے ۔ انڈیا بلاک کے قائدین نے اس اجلاس میں مشترکہ طور پر مطالبہ کیا کہ مسابقتی امتحانات کے پرچہ جات کے افشاء پر وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو مستعفی ہونا چاہئے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اتحادی جماعتوں کا اجلاس اب وقفہ وقفہ سے منعقد ہوتا رہے گا تاکہ اہم امور پر غور و خوض کرکے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جاسکے ۔








0 تبصرے