کرناٹک میں خصوصی جامع نظرِ ثانی مہم کی مدت 17 اگست تک بڑھا دی گئی، حتمی ووٹر فہرست 27 اکتوبر کو شائع ہوگی
بنگلورو، 7 اگست( ناز میڈیا ) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے کرناٹک میں جاری خصوصی جامع نظرِ ثانی (Special Intensive Revision - SIR) پروگرام کے شیڈول میں ترمیم کرتے ہوئے ووٹر فہرست کی نظرِ ثانی کے عمل میں توسیع کر دی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر، کرناٹک کی جانب سے جاری پریس نوٹ کے مطابق اب بوتھ لیول افسران (BLOs) کی گھر گھر جا کر ووٹروں کی تصدیق کا عمل 17 اگست 2026 تک جاری رہے گا، جبکہ پہلے یہ مرحلہ 8 اگست کو مکمل ہونا تھا۔
ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق 17 اگست کو پولنگ اسٹیشنوں کی ازسرِ نو ترتیب اور معقول تقسیم کا عمل مکمل کیا جائے گا، جبکہ 24 اگست کو نظرِ ثانی شدہ ووٹر فہرست کا مسودہ شائع کیا جائے گا۔ اس کے بعد 24 اگست سے 23 ستمبر 2026 تک عوام دعوے اور اعتراضات داخل کر سکیں گے۔ ان دعووں اور اعتراضات کی جانچ، سماعت اور تصفیہ 24 اگست سے 22 اکتوبر تک کیا جائے گا، جبکہ حتمی ووٹر فہرست 27 اکتوبر 2026 کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول میں یہ توسیع ایسے وقت میں کی گئی ہے جب مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں اور عوامی نمائندوں نے اہل ووٹروں کو مناسب موقع فراہم کرنے کے لیے نظرِ ثانی کے عمل کی مدت بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا، تاکہ کوئی بھی مستحق شہری ووٹر فہرست میں اندراج سے محروم نہ رہ جائے۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے تمام اہل ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے دوران اپنی انتخابی معلومات کی تصدیق کریں اور اگر نام کے اندراج، حذف یا کسی بھی قسم کی اصلاح کی ضرورت ہو تو بروقت دعویٰ یا اعتراض داخل کرکے ووٹر فہرست میں اپنا اندراج یقینی بنائیں۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ مدت میں توسیع کا مقصد عوام کو مزید سہولت فراہم کرنا ہے، نہ کہ اس عمل کو نظر انداز کرنے کا موقع دینا۔ اس لیے اہل ووٹر سستی یا غفلت کا مظاہرہ نہ کریں، بلکہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر جلد از جلد اپنی معلومات کی تصدیق اور ضروری کارروائی مکمل کر لیں، تاکہ بعد میں کسی بھی قسم کی پریشانی یا ووٹر فہرست سے نام رہ جانے کی شکایت سے بچا جا سکے۔








0 تبصرے