بیدر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسپتال میں جدید آپریشن تھیٹر کا افتتاح
بیدر، 16 اگست (نامہ نگار) بیدر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسپتال میں ہڈیوں اور جوڑوں کی سرجری کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ دو نئے آپریشن تھیٹروں کا افتتاح ریاستی وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایت راج اور بیدر ضلع انچارج وزیر ایشور بی. کھنڈرے نے کیا۔یہ جدید آپریشن تھیٹر کلیان کرناٹک علاقائی ترقیاتی بورڈ کی جانب سے فراہم کردہ 1.25 کروڑ روپے کی گرانٹ سے تعمیر کیے گئے ہیں۔
جدید سہولیات سے لیس ان آپریشن تھیٹروں کے ذریعے ہڈیوں اور جوڑوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو بہتر اور بروقت علاج کی سہولت میسر آئے گی، خاص طور پر ہنگامی حالات میں یہ سہولت انتہائی کارآمد ثابت ہوگی۔افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیر ایشور کھنڈرے نے کہا کہ یہ آپریشن تھیٹر حیدرآباد، بنگلورو اور شولاپور کے جدید طبی مراکز کے طرز پر تیار کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیدر ضلع کے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رکن اسمبلی رحیم خان اور ان کی کوششوں کے نتیجے میں یہ جدید آپریشن تھیٹر تعمیر کیے گئے ہیں۔ مستقبل میں بیدر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسپتال میں مزید 12 جدید ترین آپریشن تھیٹر تعمیر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اس موقع پر بیدر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر شانتا لا کوجالگی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی آیوشمان کارڈ اسکیم سے بھرپور استفادہ کریں اور دستیاب طبی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔تقریب میں بیدر کے سابق وزیر وہ رکن اسمبلی رحیم خان، ڈپٹی کمشنر شِلپا شرما، ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر گریش بدولے، بیدر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر مکل جین، ڈاکٹر جابا شیٹی سمیت بیدر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسپتال کے ڈاکٹرس، افسران اور دیگر عملہ موجود تھا۔








0 تبصرے