ہندوستانی حج مشن کو شاندار خدمات پر دو ایوارڈز کا حصول
سعودی2 جون ( ایجنسی) سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے حج 2026ء کے کامیاب اختتام پر منعقدہ ختامہو مسک تقریب میں ہندوستانی حج مشن کو شاندار خدمات کے اعتراف میں دو باوقار لبیکم ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تقریب میں ہندوستان کے قونصل جنرل جناب فہد احمد خان سوری اور قونصل (حج) محترمہ صدف چودھری نے شرکت کی۔ ہندوستان کو بہترین حج کوآرڈینیشن اور کمیونیکیشن زمرے میں دو ایوارڈز حاصل ہوئے، جو ہندوستانی عازمینِ حج کیلئے مؤثر رابطہ کاری، عمدہ انتظامات اور جامع فلاحی خدمات کی فراہمی کے اعتراف میں دئے گئے۔ یہ اعزاز تقریباً 175,000 ہندوستانی عازمینِ حج کیلئے کامیاب، محفوظ اور منظم حج انتظامات کا مظہر ہے۔ اس موقع پر قونصل جنرل فہد احمد خان سوری نے سعودی حکومت، وزارتِ حج و عمرہ، مقامی خدمات فراہم کرنے والے اداروں اور تمام شراکت دار ایجنسیوں کا شکریہ ادا کرکے کہا کہ ان کے تعاون اور معاونت نے ہندوستانی عازمین کے حج کو آرام دہ، محفوظ اور روحانی طور پر بامقصد بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ میڈیا سے گفتگو میںانہوں نے بتایا کہ حج کا بنیادی مرحلہ 30 مئی 2026 کو تمام ہندوستانی عازمین کی منیٰ سے بحفاظت واپسی کے ساتھ کامیابی سے مکمل ہو، جو مناسکِ حج کی تکمیل کا اہم سنگِ میل ہے۔انہوں نے تمام ہندوستانی عازمینِ کو فریضہ حج ادائیگی پر مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ وہ اس عظیم عبادت کی روحانی برکات اور سعادتوں کے ساتھ اپنے وطن واپس لوٹیں۔ قونصل جنرل نے بتایا کہ ہندوستانی عازمین کی واپسی کا مرحلہ یکم جون 2026ء سے شروع ہوا اور ان کی روانگی کو منظم، سہل اور آرام دہ بنانے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے عازمین کی اپنے اہلِ خانہ کے پاس بحفاظت واپسی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ اختتامی تقریب میں سعودی وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ اور نائب وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط سمیت مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام اور حج مشنز کے نمائندگان نے شرکت کی۔








0 تبصرے