بیدر کے مختلف ہوٹلوں پر اچانک چھاپے زائد المیعاد کھانے کی اشیاء برآمد، کئی ہوٹلوں کو نوٹس
بیدر، 22 اگست( نامہ نگار )بیدر شہر میں غیر معیاری اور غیر محفوظ کھانے کی اشیاء فروخت کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف فوڈ سیفٹی محکمہ نے کارروائی کی۔ اسسٹنٹ کمشنر محمد شکیل کی قیادت میں افسران کی ٹیم نے مختلف ہوٹلوں، بار اور ریسٹورنٹس کی اچانک جانچ کی۔جانچ کے دوران ہوٹل دعوت اور نیو آشرواد ہوٹل میں زائد المیعاد اور مشتبہ کھانے کی اشیاء پائی گئیں۔ اس کے علاوہ کئی ہوٹلوں کے کچن میں صفائی کا بھی ناقص انتظام پایا گیا۔اُڈپی کارنتھ، پنجابی تڑکا، مایور، رائل انمول اور خان چاچا ہوٹلوں کی بھی جانچ کی گئی۔ کھانے میں مصنوعی رنگ اور ملاوٹ کا شبہ ہونے پر مایور ہوٹل سے پنیر اور بیسن جبکہ خان چاچا ہوٹل سے مرچ پاؤڈر ضبط کیا گیا۔
رائل انمول اور منڈی کنگ ہوٹل سے کھانے کی کچھ اشیاء کے نمونے بھی لیے گئے، جنہیں جانچ کے لیے لیبارٹری بھیجا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ لیبارٹری رپورٹ آنے کے بعد قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ہوٹل مالکان اور کھانے پینے کا کاروبار کرنے والوں کو صفائی اور کھانے کے معیار کے اصولوں پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔حکام نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف آئندہ بھی ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔کارروائی کے دوران فوڈ سیفٹی افسران منوہر آلشیٹی، سومناتھ ترنلی، اشونی گالے اور کشور کمار موجود تھے۔








0 تبصرے