تعلیم کو زیادہ ترجیح دی جائے گی: ڈاکٹر شیلندر بیلداڑلے
بیدر29 دسمبر( نامہ نگار)طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنا میری اولین ذمہ داری ہے۔ معیاری تعلیم کے ذریعے ہی طلبہ کا مستقبل روشن کیا جا سکتا ہے۔ اسی مقصد کے تحت بہتر اسکولی بنیادی ڈھانچہ، اسمارٹ کلاس رومز، رہائشی اسکولوں کی سہولیات اور مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے شب و روز محنت کی جا رہی ہے۔ یہ بات بیدر جنوبی حلقے کے رکنِ اسمبلی ڈاکٹر شیلندر بیلداڑلے نے کہی۔وہ بیدر جنوبی حلقے کے بیمل کھیڑا گاؤں میں طالبات کی بہتر تعلیم کے پیش نظر 17 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے محترمہ اندرا گاندھی گرلز رہائشی اسکول کی عمارت کے تعمیری کام کا سنگِ بنیاد (گدّلی پوجا) انجام دینے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم پر کی جانے والی ہر سرمایہ کاری سماج کی ترقی کا بیج ہوتی ہے۔ تعلیم کو زیادہ اہمیت دینا ہی سماج کی ہمہ جہت ترقی کی بنیاد ہے۔ معیاری تعلیم سے نہ صرف طلبہ کا مستقبل روشن ہوتا ہے بلکہ قومی ترقی کو بھی تقویت ملتی ہے۔ تمام بچوں کو مساوی تعلیمی مواقع، بہتر بنیادی سہولیات، ماہر اساتذہ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نہایت ضروری ہے۔ اسی سمت میں مرکزی اور ریاستی حکومت کی جانب سے تعلیمی شعبے کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیدر جنوبی حلقے کے تمام دیہات کے ساتھ ساتھ بیمل کھیڑا گاؤں میں بھی عوام کی توقعات کے مطابق بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ طالبات کے روشن مستقبل کے لیے اب رہائشی اسکول کی عمارت کے تعمیری کام کا آغاز کیا گیا ہے، اور متعلقہ افسران و ٹھیکیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ کام کو معیاری انداز میں مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں۔اس موقع پر گرام پنچایت کے صدر منجوناتھ سونگار، قائدین پربھو مینگھا، بسوراج سندھول، پربھوراؤ ساولگی، سنتوش ریڈی، راجکمار مالگی، شری نواس ریڈی، بسوراج چٹّنلّی، شیوکمار پاٹل، سِدّھو مُدّا، شری نواس ہوگار، بسوراج یدلاپور، نریش، ناگراج گُمّد، سنجوکمار ساتولی، راجریڈی، راجکمار باسکر، توکارام، سندیپ روٹّی، مہیش اور دیگر افراد موجود تھے۔









0 تبصرے