بیدر کے رکن اسمبلی رحیم خان کو وزارت ملنے کی دعا، کانگریس یوتھ کارکنان کی اجمیر شریف درگاہ میں حاضری
بیدر 24 جون (نامہ نگار) بیدر کے رکن اسمبلی رحیم خان کو ریاستی کابینہ میں وزارت کا قلمدان ملنے کی خواہش کے ساتھ کانگریس یوتھ ونگ بیدر کے کارکنان نے راجستھان کی معروف درگاہ اجمیر شریف میں حاضری دے کر خصوصی دعا کا اہتمام کیا۔اطلاعات کے مطابق کارکنان نے درگاہ حضرت خواجہ غریب نوازؒ پر چادر پیش کی اور بعد ازاں رکن اسمبلی رحیم خان کی تصویر کے ساتھ ان کی کامیابی اور وزارت کے حصول کے لیے خصوصی دعا مانگی۔اس موقع پر کانگریس یوتھ ونگ بیدر اسمبلی حلقہ کے صدر شیخ عتیق نے کہا کہ رحیم خان ایک عوام دوست، ہمدرد اور خدمت گزار سیاست دان ہیں، جو ہمیشہ غریبوں، پسماندہ طبقات اور ضرورت مند افراد کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں ریاستی کابینہ میں وزارت دی جاتی ہے تو وہ عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں گے۔شیخ عتیق نے مزید کہا کہ اسی امید اور نیک خواہش کے تحت اجمیر شریف درگاہ میں خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا تاکہ رحیم خان کو کابینہ میں مناسب نمائندگی حاصل ہو اور وہ عوامی خدمت کے دائرے کو مزید وسعت دے سکیں۔اس موقع پر بیدر شہر کے معروف کاروباری شخصیت اور فائیو اسٹار ریسٹورنٹ کے مالک محمد فیاض قریشی، سٹی فنکشن پیلس بیدر کے مالک محمد عامر قریشی اور دیگر کانگریس کارکنان بھی موجود تھے۔








0 تبصرے