دیانت دار صحافت سے معاشرے میں عزت و وقار میں اضافہ ہوتا ہے: ضلع ڈپٹی کمشنر شلپا شرما

دیانت دار صحافت سے معاشرے میں عزت و وقار میں اضافہ ہوتا ہے: ضلع ڈپٹی کمشنر شلپا شرما

بیدر28 جولائی (نامہ نگار)کرناٹک ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن (KUWJ) ضلع بیدر کے زیر اہتمام پیر کے روز شہر کے گرو نانک گیٹ کے قریب واقع ایس آر ایس فنکشن ہال میں یومِ صحافت کی تقریب نہایت جوش و خروش سے منعقد ہوئی۔ تقریب کا افتتاح ضلع کلکٹر شلپا شرما نے کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع ڈپٹی کمشنر شلپا شرما نے کہا کہ اگر صحافی دیانت داری، شفافیت اور غیر جانبداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تو نہ صرف صحافت کے پیشے کا وقار بلند ہوتا ہے بلکہ صحافی کی ذاتی عزت و احترام میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے، اس لیے صحافیوں کو ہر قدم انتہائی ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ اٹھانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ملک میں پیش آنے والے مختلف واقعات کو عوام تک پہنچانے میں ذرائع ابلاغ نے اہم کردار ادا کیا ہے، تاہم صحافت کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مستند اور قابلِ اعتماد معلومات کی بنیاد پر خبریں شائع کرنا ضروری ہے۔ صحافیوں کا طرزِ عمل ایسا ہونا چاہیے کہ معاشرے کے آخری فرد کے دل میں بھی میڈیا کے لیے اعتماد اور احترام پیدا ہو۔تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کرناٹک ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر شیوانند تگڈور نے کہا کہ صحافی معاشرے کے حقیقی معالج ہیں، کیونکہ وہ سماجی برائیوں کی نشاندہی کرکے اصلاح کا راستہ ہموار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور اگر کسی صحافی کی تحریر کسی مظلوم یا ضرورت مند کی آنکھوں سے آنسو پونچھنے کا سبب بن جائے تو یہی اس کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی پیشے میں فرد سے زیادہ تنظیم کی اہمیت ہوتی ہے۔ اگر صحافی تنظیم کے ساتھ متحد رہیں گے تو ان کی قوت اور وقار میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کرناٹک ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن آج ریاست کے تمام اضلاع اور تعلقہ مراکز کے علاوہ ممبئی اور کیسرگوڈ جیسے سرحدی علاقوں تک اپنی سرگرمیاں پھیلا چکی ہے، جو تنظیم کی مضبوطی کی علامت ہے۔ضلع صدر آنند دیواپا نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بیدر پریس بھون کی مکمل انتظامی ذمہ داری بھی کرناٹک ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے حوالے کی جائے اور صحافیوں کے نام پر بے جا تنازعات پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ماضی میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی جامع تحقیقات کرائی جائیں۔اس موقع پر دیہی ترقی و پنچایت راج کے وزیر اور ضلع انچارج وزیر ایشور کھنڈرے نے ٹیلی فون کے ذریعے اپنی نیک خواہشات اور مبارکباد پیش کی۔تقریب کے دوران ایس ایس ایل سی اور پی یو سی سالانہ امتحانات میں 70 فیصد سے زائد نشانات حاصل کرنے والے صحافیوں کے بچوں کو "پرتبھا پرسکار" (امتیازی انعامات) سے نوازا گیا۔ ان میں اردو صحافی محمد علیم الدین بندہ نوازی نمائندہ کے بی این ٹائمز گلبرگہ اور روز نامہ سالار گلبرگہ کی صاحبزادی احمدی ناز بھی شامل تھیں، جنہیں ایس ایس ایل سی امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر شیخ شادیا، بھوونیشوری، سہا سنی، ہرشیتا، تنش، پرجول، شروتی اور دیگر طلبہ و طالبات کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں کرناٹک ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے مختلف تعلقہ صدور اور جنرل سکریٹریوں کی بھی تہنیت کرتے ہوئے انہیں اعزازی شال اور یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔اس کے علاوہ ضلع کے مختلف تعلقہ صدور اور جنرل سکریٹریوں کی تہنیت بھی کی گئی۔تقریب میں محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر منجوناتھ سلّولی، ریاستی عاملہ کے رکن اپّا راؤ سودی، قومی عاملہ کے رکن بسوراج پوار، تنظیم کے اعزازی مشیران گندھرو سینا اور ملیکار جن بیرادار، نائب صدور بسوراج کامشیٹی، پرتھوی راج ایس، شری کانت بیرادار، سکریٹری سوامی داس ناگورے، سنتوش چٹّی، خازن سنیل کمار کلکرنی سمیت متعدد صحافی، معززین اور تنظیمی عہدیداران شریک تھے۔تقریب کا آغاز پریانکا گوروراج اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے وندے ماترم کی اجتماعی پیشکش سے ہوا۔ اشوک کمار کرنجی نے مہمانوں کا استقبال کیا، ششی کانت شیمبیلی نے نظامت کے فرائض انجام دیے، جبکہ ضلع جنرل سکریٹری شیو کمار سوامی نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔

NEWS & ADVERTISMENT CONTACT     9880736910

NEWS & ADVERTISMENT CONTACT     9880736910

NEWS & ADVERTISMENT CONTACT                         9880736910

NEWS & ADVERTISMENT CONTACT                         9880736910
SAFA HOSPITAL BIDAR


NEWS & ADVERTISMENT CONTACT                           9880736910


NEWS & ADVERTISMENT CONTACT 9880736910








ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے