کرناٹک اسٹیٹ اوپن یونیورسٹی میں اقلیتی طلبہ کے لیے مفت داخلوں کا سنہری موقع، درخواستوں کی آخری تاریخ 31 جولائی
بیدر 18 / جولائی( ناز میڈیا ) کرناٹک اسٹیٹ اوپن یونیورسٹی (KSOU) کے علاقائی مرکز، بیدر نے تعلیمی سال 2026-27 کے جولائی سیشن کے تحت مختلف فاصلاتی (او ڈی ایل) تعلیمی پروگراموں میں داخلوں کے لیے آن لائن درخواستوں کی آخری تاریخ 31 جولائی 2026 مقرر کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاستی حکومت کی اقلیتی بہبود اسکیم کے تحت اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے اہل طلبہ کو مختلف کورسس میں مفت داخلے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ علاقائی ڈائریکٹر ڈاکٹر سنگمیش ایس ہیرے مٹھ کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ یو جی سی (UGC) سے منظور شدہ اور فاصلاتی تعلیم کے میدان میں ممتاز ادارہ، کرناٹک اسٹیٹ اوپن یونیورسٹی، میسور کے علاقائی مرکز بیدر میں مختلف انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ کورسس کے لیے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔اعلامیہ کے مطابق بی اے، بی کام، بی ایس سی، بی بی اے، بی سی اے، بی ایس ڈبلیو، بی لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس (B.Lib.I.Sc)، ایم اے، ایم ایس ڈبلیو، ایم کام، ایم سی اے، ایم لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس (M.Lib.I.Sc)، ایم ایس سی، ایم بی اے سمیت متعدد پی جی، یو جی، ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ پروگراموں میں داخلے کے خواہشمند طلبہ 31 جولائی 2026 تک آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ پریس نوٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کرناٹک حکومت کے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے نافذ کردہ خصوصی اسکیم کے تحت مسلم، عیسائی، جین، بدھ، سکھ اور پارسی برادریوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی جانب سے داخلہ فیس یونیورسٹی کو حکومت ادا کرے گی، جس کے نتیجے میں اہل اقلیتی طلبہ ان تمام تعلیمی پروگراموں میں بلامعاوضہ داخلہ حاصل کر سکیں گے۔خواہش مند طلبہ یونیورسٹی کے آن لائن ایڈمیشن پورٹل پر درخواست جمع کرانے کے بعد متعلقہ تعلیمی اسناد اور ضروری دستاویزات کے ساتھ کرناٹک اسٹیٹ اوپن یونیورسٹی کے علاقائی مرکز، گورنمنٹ فرسٹ گریڈ کالج، نوآباد، بیدر میں حاضر ہو کر داخلے کی کارروائی مکمل کر سکتے ہیں۔مزید معلومات کے لیے طلبہ 9916783555 اور 9901216737 پر رابطہ کر سکتے ہیں اور ویب سائٹ https://ksouportal.com/views/studenthome.aspxیا علاقائی مرکز، گورنمنٹ فرسٹ گریڈ کالج، نوآباد، بیدر سے شخصی طور پر رجوع کر کے داخلے سے متعلق رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔علاقائی ڈائریکٹر ڈاکٹر سنگمیش ایس ہیرے مٹھ نے تمام اہل طلبہ، بالخصوص اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قیمتی تعلیمی موقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے مقررہ آخری تاریخ سے قبل اپنی درخواستیں جمع کرائیں تاکہ اعلیٰ تعلیم کے ذریعے اپنے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکیں۔







0 تبصرے