ہمناآباد میں چار گھروں میں چوری کا معمہ حل دو بین الریاستی عادی چور گرفتار، 54.74 لاکھ روپے کا مسروقہ مال برآمد
بیدر، 28 جولائی (نامہ نگار) بیدر ضلع پولیس نے ہمناآباد میں ایک ہی رات چار گھروں میں ہونے والی چوری کی وارداتوں کا کامیاب سراغ لگاتے ہوئے دو بین الریاستی عادی چوروں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے 54 لاکھ 74 ہزار روپے مالیت کے سونے اور چاندی کے زیورات، نقد رقم اور واردات میں استعمال ہونے والی ایک ویٹارا بریزا کار برآمد کرکے ضبط کر لی۔پولیس کے مطابق 23 مئی 2026 کو ہمناآباد کے شیونگر کالونی میں تین کرایہ کے مکانات اور ایک رہائشی مکان کو نشانہ بناتے ہوئے نامعلوم چوروں نے تالے توڑ کر سونے، چاندی کے زیورات اور نقد رقم چرا لی تھی۔ متاثرین کی شکایت پر ہمناآباد پولیس اسٹیشن میں مقدمات درج کرکے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی۔ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ مسٹر پردیپ گنٹی آئی پی ایس کی ہدایت اور ایڈیشنل ایس پی چندرکانت پجاری و ڈی وائی ایس پی مڈولپا پی ایس کی نگرانی میں سی پی آئی سنتوش ایل۔ ٹٹے پلی کی قیادت والی ٹیم نے تکنیکی شواہد اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 20 جون کو مرکزی ملزم اور 5 جولائی کو اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 28.5 تولے سونے کے زیورات، 22 تولے چاندی کے زیورات، 5 لاکھ 80 ہزار روپے نقد اور واردات میں استعمال ہونے والی کار برآمد کی گئی۔ برآمد شدہ تمام مال کی مجموعی مالیت 54 لاکھ 74 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔پولیس کی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ پہلے ملزم کے خلاف کرناٹک اور مہاراشٹر کے مختلف اضلاع میں ڈکیتی، رہزنی، اقدامِ قتل اور چوری کے 30 سے زائد مقدمات درج ہیں، جبکہ دوسرے ملزم کے خلاف 25 سے زیادہ چوری کے مقدمات موجود ہیں۔ دونوں ملزمان بین الریاستی سطح کے عادی مجرم ہیں، جنہیں عدالت میں پیش کرنے کے بعد عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔پولیس کے مطابق اس کارروائی سے ہمناآباد کے چار گھروں میں ہونے والی چوریوں کے علاوہ بیدر، بسواکلیان، بلاری اور ہوسپیٹ میں درج چھ مزید چوری کے مقدمات بھی حل ہوئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ دونوں ملزمان کرناٹک اور مہاراشٹر میں درج تقریباً 55 مختلف مقدمات میں ملوث رہے ہیں۔ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ مسٹر پردیپ گنٹی آئی پی ایس نے اس کامیاب کارروائی پر خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔







0 تبصرے