حج کمیٹی کے ذریعے عمرہ سفر کا منصوبہ، جلد باضابطہ اعلان متوقع
حیدرآباد، 6 جون (ناز میڈیا ) حج کمیٹی آف انڈیا اب صرف حج بیت اللہ کے انتظامات تک محدود نہیں رہے گی بلکہ عمرہ زائرین (معتمرین) کی روانگی کے لیے بھی خصوصی انتظامات کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق حج کمیٹی نے حج 2026 کے انتظامات کے ساتھ ساتھ عمرہ زائرین کی روانگی کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق مرکزی وزارتِ اقلیتی امور اور حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے جلد ایک اعلامیہ جاری کیا جائے گا، جس کے تحت عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند افراد سے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ اس اسکیم کے تحت معتمرین کو ویزا، فضائی ٹکٹ، رہائش اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کے مطابق ہندوستان سے ہر تین ماہ بعد عمرہ زائرین کے قافلے روانہ کیے جائیں گے۔ زائرین کو مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی کے ساتھ مدینہ منورہ میں حاضری اور مقدس مقامات کی زیارت کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ دونوں مقدس شہروں میں قیام و طعام سمیت دیگر سہولیات کا انتظام حج کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ عمرہ پیکیج تقریباً 15 روزہ ہوگا اور کم خرچ میں معیاری سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق اس مقدس سفر کے اخراجات 40 ہزار سے 60 ہزار روپے کے درمیان ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اب تک مرکزی اور ریاستی حج کمیٹیاں صرف حج بیت اللہ کے انتظامات، درخواستوں کی وصولی، قرعہ اندازی اور عازمینِ حج کی رہنمائی تک محدود تھیں، لیکن اگر عمرہ خدمات کا آغاز ہوتا ہے تو ملک بھر کی ریاستی حج کمیٹیوں میں سال بھر سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور عوام کو ایک نئی سہولت میسر آئے گی۔








0 تبصرے