آئین ہی میرا دھرم، ووٹر ہی میرے عقیدت مند دیوتا ہیں: سدارامیا
عوام نے دو بار وزیر اعلیٰ بنایا استعفیٰ کے بعد سدارامیا جذباتی
بنگلورو28مئی ( ناز میڈیا )کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ہائی کمان کی ہدایت پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’آئین ہی میرا دھرم ہے اور ریاست کے ووٹر ہی میرے عقیدت مند دیوتا ہیں۔‘‘
لوک بھون میں استعفیٰ نامہ جمع کرانے کے بعد اپنی سرکاری رہائش گاہ ’’کرشنا‘‘ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ دو دن قبل پارٹی قیادت کی جانب سے انہیں استعفیٰ دینے کی ہدایت دی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی قیادت نے استعفیٰ طلب کیا، انہوں نے فوراً رضامندی ظاہر کرتے ہوئے آج استعفیٰ دینے کا وعدہ کیا تھا اور اسی کے مطابق آج اپنے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ پہلے ہی واضح کرچکے تھے کہ پارٹی قیادت جب بھی ہدایت دے گی، وہ فوراً استعفیٰ پیش کردیں گے اور اب انہوں نے اپنے اسی وعدے کو پورا کیا ہے۔
استعفیٰ کی کارروائی کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ وہ راج بھون پہنچے تھے تاکہ گورنر کو اپنا استعفیٰ پیش کرسکیں، تاہم وہاں انہیں بتایا گیا کہ گورنر اس وقت شہر سے باہر ہیں اور آج رات واپس آئیں گے۔ اس کے بعد انہوں نے اپنا استعفیٰ گورنر کے سکریٹری کے حوالے کردیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گورنر واپسی کے بعد آئینی تقاضوں کے مطابق ان کا استعفیٰ منظور کرلیں گے۔
ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل ہے۔ ان کے مطابق پارٹی نے 135 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ دو آزاد ارکان اسمبلی بھی حکومت کی حمایت میں ہیں۔ انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ بغیر کسی الجھن کے اگلے وزیر اعلیٰ کو حکومت تشکیل دینے کا موقع فراہم کیا جائے۔
اپنے طویل سیاسی سفر کو یاد کرتے ہوئے سدارامیا جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اداکار ڈاکٹر راج کمار عوام کو ’’عقیدت مند دیوتا‘‘ کہا کرتے تھے۔ ایک سیاست دان کے طور پر وہ بھی آئین کو اپنا دھرم مانتے ہیں اور ان کے لیے ریاست کے ووٹر ہی سب سے بڑے دیوتا ہیں۔ انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے عوام نے انہیں دو مرتبہ وزیر اعلیٰ اور دو مرتبہ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے طور پر خدمات انجام دینے کا تاریخی موقع دیا۔
اس موقع پر سدارامیا نے کانگریس کی اعلیٰ قیادت سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان رہنماؤں نے ہر موقع پر ان کی بھرپور حمایت کی۔









0 تبصرے