جنواڑہ پولیس کی بڑی کارروائی، 48 گیس سلنڈر اور دو گڈس آٹو ضبط
بیدر 27 مئی ( نامہ نگار )جنواڑہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع مرکل گاؤں کے شری گنیش مندر کے قریب غیر قانونی طور پر ایل پی جی گیس سلنڈروں کی ذخیرہ اندوزی اور کالے بازار میں فروخت کے معاملہ میں پولیس نے بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے دو ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران ایچ پی گیس کمپنی کے 48 سلنڈر اور واردات میں استعمال ہونے والے دو گڈس آٹو ضبط کیے گئے ہیں۔ ضبط شدہ مال کی مجموعی مالیت 6 لاکھ 24 ہزار 990 روپے بتائی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق 27 مئی 2026 کو جنواڑہ پولیس اسٹیشن کے پی ایس آئی جناب باشومیاں کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ مرکل گاؤں میں شری گنیش مندر کے قریب غیر قانونی طور پر گیس سلنڈروں کو جمع کرکے کالے بازار میں فروخت کیا جارہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی انہوں نے اپنے اعلیٰ افسران کو اس سے آگاہ کیا۔
ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ جناب پردیپ گنٹی آئی پی ایس، ایڈیشنل ایس پی جناب چندرکانت پجاری، اور ڈی ایس پی بیدر سب ڈویژن جناب دود پیر حسین صاحب ملا کی رہنمائی میں سی پی آئی بیدر رورل سرکل جناب جی ایس بیرادر کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ اس کارروائی میں تحصیل دفتر بیدر کے فوڈ انسپکٹر جناب سرینواس، پنچ گواہان، اور پولیس عملہ بھی شامل تھا۔پولیس ٹیم نے موقع پر چھاپہ مار کر دو گڈس آٹو کے ڈرائیوروں سے پوچھ تاچھ کی تو وہ سلنڈروں کی ترسیل یا فروخت سے متعلق کوئی دستاویز پیش نہ کرسکے۔ دورانِ تفتیش انہوں نے بتایا کہ بیدر کی “سجاتا گیس ایجنسی” کی جانب سے یہ سلنڈر کالے بازار میں فروخت کے لیے فراہم کیے گئے تھے۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 41 خالی 14 کلو وزنی ایچ پی گیس سلنڈر جن کی مالیت 90 ہزار 200 روپے اور 7 بھرے ہوئے سلنڈر جن کی مالیت 22 ہزار 295 روپے ہے، ضبط کرلیے۔ اس کے علاوہ واردات میں استعمال ہونے والے دو گڈس آٹو بھی ضبط کیے گئے جن کی مالیت 5 لاکھ 12 ہزار 495 روپے بتائی گئی ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر 6 لاکھ 24 ہزار 990 روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا۔اس معاملہ میں جنواڑہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ نمبر 64/2026 درج کرتے ہوئے ضروری اشیاء ایکٹ اور ایل پی جی کنٹرول آرڈر 2000 کی دفعات کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ جناب پردیپ گنٹی آئی پی ایس نے کامیاب کارروائی انجام دینے والی پولیس ٹیم کی ستائش کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔








0 تبصرے