ضلع میں ایل پی جی سلنڈروں کی وافر مقدار دستیاب، افواہوں پر کان نہ دھریں: ڈپٹی کمشنر شلپا شرما
بیدر، 12 مارچ ( ناز میڈیا ) ضلع میں گھریلو استعمال کے ایل پی جی گیس سلنڈروں کی مناسب مقدار میں دستیابی ہونے کے باعث عوام کو گھبرانے یا اضافی ذخیرہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر شلپا شرما نے ایک پریس نوٹ میں کہی۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی افواہوں پر عوام ہرگز توجہ نہ دیں۔ زیادہ تعداد میں صارفین کی جانب سے پیشگی بکنگ کیے جانے کی وجہ سے آئی وی آر ایس اور مسڈ کال سسٹم پر زیادہ دباؤ پڑ رہا ہے، جس کے باعث یہ سسٹم درست طریقے سے کام نہیں کر پا رہے ہیں۔ اس کے متبادل کے طور پر آئی او سی ایل، ایچ پی سی ایل اور بی پی سی ایل جیسی ایل پی جی کمپنیوں کے واٹس ایپ نمبرز کے ذریعے بھی گیس سلنڈر کی بکنگ کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 11 مارچ 2026 کو ضلع کے گیس ایجنسی مالکان اور ہوٹل کاروباریوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں کمرشیل سلنڈروں کی دستیابی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ ہوٹل مالکان اپنے پاس موجود سلنڈروں کو صرف ضرورت کے مطابق استعمال کریں اور گیس ایجنسیوں میں موجود کمرشیل سلنڈروں کو بھی ضرورت کے مطابق ہوٹلوں کو فراہم کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ کوئی بھی شخص غیر ضروری طور پر زیادہ سلنڈر ذخیرہ نہ کرے اور نہ ہی ان کی غیر قانونی ترسیل کرے۔ اگر ایسا کوئی معاملہ سامنے آیا تو ضروری اشیاء ایکٹ 1955 کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ضلع میں ایل پی جی سلنڈروں کی کوئی کمی نہیں ہے، اس لیے گھبرانے کی ضرورت نہیں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بے بنیاد افواہوں پر کان نہ دھریں۔








0 تبصرے