بیدر کی تاریخی جامع مسجد میں عازمین حج 2026 کا جامع تربیتی کیمپ، 310 مرد و خواتین کی بھر پور شرکت
بیدر 29 دسمبر (ناز میڈیا )انجمن خادم الحجاج ضلع بیدر کی جانب سے بیدرضلع کے عازمین حج2026 کے لیے صبح 10 بجے تا قبل از نماز عصر ایک جامع اور مؤثر تربیتی کیمپ کا انعقاد بیدر کی تاریخی جامع مسجد میں عمل میں آیا۔ اس تربیتی کیمپ کا مقصد عازمین حج کو سفر حج سے لے کر مناسک حج کے تمام ارکان، اذکار اور عبادات کی عملی تربیت فراہم کرنا تھا تا کہ وہ حج جیسے عظیم فریضے کو پورے اطمینان اور یکسوئی کے ساتھ ادا کر سکیں۔ تربیتی کیمپ میں ماہرٹریز جناب الحاج طاہر خان صاحب، مالک السعید ٹورس اینڈ ٹراویلیس گلبرگہ نے عازمین حج سے پر مغز خطاب کیا۔ انہوں نے مناسک حج کے تمام ارکان، واجبات ، سنن، اذکار اور عبادات کو عملی ماڈیول کے ذریعے نہایت سادہ، جامع اور مؤثر انداز میں سمجھایا، جس سے عازمین کو عملی مشق کے ذریعے بہتر رہنمائی حاصل ہوئی۔
اس موقع پر جناب الحاج سید منصور احمد قادری معتمد انجمن خادم الحجاج ضلع بیدر و رکن ریاستی حج کمیٹی کرناٹک نے انجمن کی گزشتہ 27 برسوں سے جاری بے لوث خدمات اور کار کردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ انجمن ہر سال بیدر ضلع کے عازمین حج کے لیے پانچ تا چھ تربیتی کیمپ منعقد کرتی ہے، جن میں بہتر صحت کے ساتھ سفر حج ، قیام و طعام، مناسک حج کے ارکان، اذکار اور عبادات کی عملی تربیت دی جاتی ہے، تا کہ عازمین حج کو دورانِ سفر اور ادائیگی مناسک کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مذکورہ حج تربیتی کیمپ کی صدارت جناب الحاج سید صغیر احمد صاحب نے فرمائی ، جبکہ استقبالیہ خطاب جناب الحاج ایاز الحق صاحب نائب صدر انجمن ہذا نے کیا۔ پروگرام کا آغاز جناب محمد عبدالمقتدر تاج صاحب، جوائنٹ سکریٹری انجمن ہذا کی پراثر تلاوت کلام پاک سے ہوا، جبکہ جناب الحاج محمد شفیع الدین صاحب نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ عازمین حج کی سہولت اور رہنمائی کے لیے استقبالیہ کا ؤنٹر بھی قائم کیا گیا تھا، جہاں جناب سید آصف حسین ، محمد عبدالواجد ، ڈاکٹر مجاہد مسعود ، الحاج سید نور پاشاہ اور حسیب احمد کلیم نے عازمین کی رہنمائی انجام دی۔ پروگرام کے انتقام پر جناب محمد غوث قریشی صاحب، جوائنٹ سکریٹری انجمن ہذا نے تمام شرکائے پروگرام، مہمانان خصوصی اور عازمین حج کا تہہ دل سے شکر یہ ادا کیا۔ آخر میں پر اثر دعا کے ساتھ تربیتی کیمپ کا انتقام عمل میں آیا۔ تمام شرکائے پروگرام کیلئے ظہرانہ کا انجمن ہذا کی جانب سے اہتمام کیا گیا تھا، اس تربیتی کیمپ میں بید رضلع کے جملہ 310 عازمین حج مرد و خواتین نے شرکت کی اور مناسک حج سے متعلق عملی تربیت حاصل کر کے اس اہم و با برکت پروگرام کو کامیاب بنایا۔










0 تبصرے