اسلام دہشت گردی کا نہیں سلامتی کا مذہب گلبرگہ میں عید ملاپ و تہنیتی تقریب سے علماء و دانشوران ایڈوکیٹس کا خطاب
گلبرگہ 30 مارچ ( ناز میڈیا ) اسلام سے دہشت گردی کا کوئی تعلق نہیں اسلام تو سلامتی کا مذہب ہے اس خیال کا اظہار مولانا عبدالحمید دانش باقوی قاسمی معارفی صدر پیغام انسانیت فاؤنڈیشن گلبرگہ نے کیا ہے وہ کل شام 7:30 بجے حضرت صوفی سرمست اسلامک اسٹڈی سرکل ہاگرگہ روڈ گلبرگہ میں منعقدہ عید ملاپ و تہنیتی تقریب کو مخاطب کر رہے تھے حضرت صوفی سرمست اسلامک اسٹڈی سرکل گلبرگہ و پیغام انسانیت فاؤنڈیشن گلبرگہ کے زیر اہتمام منعقدہ عید ملاپ و تہنیتی تقریب کی نگرانی مولانا عبدالحمید دانش باقوی قاسمی معارفی صدر پیغام انسانیت فاؤنڈیشن گلبرگہ نے فرمائی جبکہ سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست صدر حضرت صوفی سرمست اسلامک اسٹڈی سرکل گلبرگہ نے صدارت فرمائی
مولانا عبدالحمید دانش باقوی قاسمی معارفی نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ اسلام میں انسانیت کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی ہے انہوں نے اس بات پر سخت اظہار تاسف کیا کہ اسلام کو دہشت گردی سے جوڑ دیا گیا ہے جبکہ اسلام نے ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیا ہے ایس وی پرسار مہاگاؤں ایڈوکیٹ صدر گلبرگہ بار اسوسی ایشن نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کنڑا زبان میں خطاب کے دوران کہا کہ ہمیں اپنے تہواروں اور عیدوں کو آپسی بھائی چارے کے ساتھ منانا چاہیے انہوں نے امن و امان بنائے رکھنے کیلئے انسانی بھائی چارے کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رمضان کے روزوں سے جہاں روح کی پاکیزگی حاصل ہوتی ہے وہیں صبر و تحمل ڈسپلن اور معاف کرنے کی صفات پیدا ہوتی ہیں
مولانا محمد نوح ریاستی جنرل سیکریٹری انڈین یونین مسلم لیگ کرناٹک نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے غریبوں کا خیال رکھنے کو ترجیح دی ہے انہوں نے کہا کہ عیدین میں بھی غریبوں کو شامل کرنے صدقہ فطر اور قربانی کے گوشت کا ایک حصہ غریبوں کو دینے کا حکم دیا گیا ہے یعنی غریبوں کو شامل کئے بغیر ہماری عید مکمل نہیں ہوتی صدارتی تقریر میں سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست نے کہا کہ اگر تمام مذاہب کے ماننے والے اصل مذہبی تعلیمات پر عمل کریں تو دنیا سے بد امنی ظلم و زیادتی قتل و غارتگری اور مہنگائی کا خاتمہ ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب انسانوں کے مابین نفرت اور لڑائی جھگڑے کی تعلیم نہیں دیتا عزیز اللہ سرمست نے مزید کہا کہ تمام مذاہب میں احترام انسانیت کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ مرنے کے بعد جہنم کا تصور ہے لیکن آج دنیا کو ہی جہنم بنادیا گیا ہے عزیز اللہ سرمست نے درگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز
اور شری شرن بسویشور مندر کی قدیم رسومات و روایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گلبرگہ سارے ملک کو قومی یکجہتی اور گنگا جمی تہذیب کا پیغام دیتا ہے قبل ازیں کارروائی کا آغاز حافظ اظہر قریشی کی قرات کلام پاک سے ہوا کمسن نعت خواں محمد ایاز بشیر عالم صحافی مولوی محمد مظہر احمد گرمٹکالی نے نعت خوانی کا شرف حاصل کیا بزرگ شاعر سید سجاد علی شاد نے عید الفطر پر بہترین اشعار پیش کئے مولانا عبدالغفور باقوی نے خیر مقدم کیا پی ایچ ڈی کی تکمیل پر گلبرگہ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ حاصل ہونے پر مولانا ڈاکٹر محمد مسیح اللہ رشادی اور ڈاکٹر محمد مشتاق احمد سہروردی کو تہنیت پیش کی گئی حضرت سید علی اکبر حسینی صاحب صابر حسینی متولی بارگاہ حضرتہ خونزہ کمالہ سلطانہ گلبرگہ بھیما شنکر ایڈوکیٹ نائب صدر گلبرگہ بار اسوسی ایشن سرور خان ایڈوکیٹ عبدالمنان ایڈوکیٹ دیگر غیر مسلم ایڈوکیٹس کے علاوہ ادبا و شراء سماجی کارکنان اور مختلف تنظیموں کے عہدیداران نے عید ملاپ و تہنیتی تقریب میں شرکت کی تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء کی شیرخورمہ سے ضیافت کی گئی










0 تبصرے