سعودی عرب: عید کا چاند نظر نہیں آیا
سعودی عرب کی عدالتِ عظمیٰ نے باضابطہ طور پر 18؍ مارچ کو چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد کل 19؍ مارچ کو 30؍ واں روزہ رکھا جائے گا۔
سعودی عرب کی عدالتِ عظمیٰ نے باضابطہ طور پر آج شام شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی۔ آج 18؍ مارچ کو سعودی عرب میں رمضان کا 29؍ واں روزہ ہے، تاہم آج شام چاند نظر نہ آنے کی تصدیق کے بعد کل 30؍ واں روزہ رکھا جائے گا، جبکہ عید جمعہ کو ہوگی۔
خلیجی ممالک میں عید کی تعطیلات کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ اعلان کے مطابق جمعرات 19؍ مارچ سے پیر تک تعطیل ہوگی اور سرکاری کام منگل 24؍ مارچ 2026ء کو دوبارہ شروع ہوگا۔
عمان نے سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے ملازمین کے لیے عیدالفطر کی تعطیل کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق 19؍ سے 23؍ مارچ 2026ء تک تعطیل رہے گی، جبکہ 24؍ مارچ کو کام دوبارہ شروع ہوگا۔
دریں اثناء فلکیاتی تخمینوں کے مطابق اس سال زیادہ تر ممالک میں رمضان کے 30؍ دن مکمل ہونے کی توقع ہے، جس کے باعث عیدالفطر جمعہ 20؍ مارچ کو ہونے کا امکان ہے، جو چاند دیکھنے کے سرکاری اعلان سے مشروط ہوگا۔
مرکزِ فلکیات کے مطابق جن ممالک میں بدھ 18؍ مارچ کو پہلا روزہ رکھا گیا تھا، وہاں اسی دن چاند دیکھنے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ جن ممالک میں پہلا روزہ جمعرات 19؍ مارچ کو تھا، وہاں اسی دن چاند کی تلاش کی جائے گی۔
مرکز نے اپنے آفیشل فیس بک صفحہ پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بدھ 18؍ مارچ کو چاند نظر آنا ممکن نہیں ہوگا، کیونکہ اس دن چاند سورج سے پہلے غروب ہو جائے گا اور اجتماعِ شمس سورج غروب ہونے کے بعد ہوگا۔ لہٰذا ان ممالک میں رمضان کے 30؍ روزے مکمل ہونے اور جمعہ 20؍ مارچ کو عیدالفطر ہونے کا قوی امکان ہے۔
جبکہ ان ممالک کے لیے جو جمعرات 19؍ مارچ کو چاند تلاش کریں گے، مرکز کا کہنا ہے کہ دنیا کے مشرقی حصوں میں چاند دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔
اگر ہندوستان میں جمعرات 19؍ مارچ کی شام کو چاند نظر آ جاتا ہے تو عیدالفطر جمعہ 20؍ مارچ کو منائی جائے گی، جو سعودی عرب کے مطابق ہوگی۔ اگر چاند نظر نہیں آتا تو رمضان کے 30؍ روزے جمعہ 20؍ مارچ کو مکمل ہوں گے اور عیدالفطر ہفتہ 21؍ مارچ 2026ء کو منائی جائے گی۔







0 تبصرے