سابق وزیر بھیمنّا کھنڈرے کا انتقال، سیاسی و سماجی حلقوں میں غم کی لہر
بیدر16جنوری ( ناز میڈیا) عمر رسیدہ علالت کے باعث سابق وزیر، آل انڈیا ویرشیو لنگایت مہاسبھا کے سابق صدر اور سینئر سیاسی رہنما بھیمنّا کھنڈرے (102)سال کی عمر میں جمعہ کی شب بیدر میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال سے ضلع بیدر سمیت ریاست بھر کے سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مرحوم کچھ عرصے سے عمر سے متعلق مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔ انہیں بیدر شہر کے گدگے ملٹی اسپیشالیٹی اینڈ سپر اسپیشالیٹی اسپتال میں ایک ہفتے تک لائف سپورٹ پر رکھ کر علاج کیا گیا تھا۔ صحت میں مسلسل بگاڑ کے باعث پیر (12 جنوری) کو انہیں گھر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم گھر پر ہی ان کا علاج کر رہی تھی۔ ابتدائی طور پر طبیعت میں بہتری دیکھی گئی، تاہم جمعہ کے روز اچانک صحت بگڑ گئی اور رات کو وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
والد کی علالت کے پیش نظر ان کے صاحبزادے، ضلع انچارج وزیر و وزیرِ ماحولیات، جنگلات و حیاتیاتی سائنس ایشور بی۔ کھنڈرے، پوتے ساگر کھنڈرے سمیت تمام اہل خانہ گزشتہ کئی دنوں سے ہر قسم کی سیاسی و سماجی سرگرمیوں سے دور رہتے ہوئے گھر پر ہی موجود تھے۔ مرحوم کی صحت کی خبر سن کر مختلف مٹھوں کے سربراہان، وزراء، اراکینِ اسمبلی، سیاسی جماعتوں کے قائدین اور ان کے چاہنے والے مسلسل ان کی رہائش گاہ پر عیادت کے لیے پہنچتے رہے۔
مرحوم بھیمنّا کھنڈرے کے پسماندگان میں اہلیہ لکشمی بائی کھنڈرے، دو صاحبزادے اور پانچ صاحبزادیاں شامل ہیں۔ ان کے بڑے بیٹے، سابق رکنِ اسمبلی وجئے کمار کھنڈرے، پہلے ہی علالت کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔
بھیمنّا کھنڈرے چار مرتبہ رکنِ اسمبلی اور دو مرتبہ قانون ساز کونسل کے رکن منتخب ہوئے۔ انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ ایم۔ ویرپا موئیلی کی کابینہ میں وزیرِ ٹرانسپورٹ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کی سیاسی زندگی کا آغاز سماج وادی پارٹی کے ایک سرگرم کارکن کی حیثیت سے ہوا، جبکہ 1953 میں وہ بھالکی میونسپل کونسل کے صدر بھی رہے۔مرحوم کی سیاسی، سماجی اور تنظیمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
NEWS & ADVERTISMENT CONTACT 9880736910









0 تبصرے