دارالعلوم رشیدیہ میں یومِ جمہوریہ کی پُروقار تقریب، مولانا جابر قاسمی کی عوام سے تعاون کی اپیل
بیدر، 26 جنوری (نامہ نگار)بیدر کی معروف دینی درسگاہ دارالعلوم رشیدیہ گورنلی بیدر میں یومِ جمہوریہ کے موقع پر، صدر و بانی جناب الحاج محمد رشید صاحب (مالک سنا اسٹون کریشر، جان واڑا، بیدر) نے رسمِ پرچم کشائی انجام دی۔
اس کے بعد بچوں نے ترانہ ہندی، حب الوطنی کے گیت اور نظم پیش کی۔ اس موقع پر مولانا مفتی جابر قاسمی نے اپنے خطاب میں یومِ جمہوریہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ جمہوریہ ملک کی آزادی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کی علامت ہے، اور آزادی کی جدوجہد میں مسلمانوں اور دیگر طبقات کی قربانیوں کو یاد رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ آج کل ان قربانیوں کو کچھ حد تک نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
مولانا نے اس بات کو بھی اُجاگر کیا کہ ہندوستان ایک کثیرالمذاہب ملک ہے، جہاں ہر طبقے نے مل کر انگریزوں کے خلاف جدوجہد کی۔ ان کے کلمات سے یہ پیغام ملتا ہے کہ ہمیں جمہوری اقدار اور ملک کی آزادی کی قدر کرنی چاہیے اور ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔مولانا نے بیدر کی عوام سے اپیل کی کہ وہ مدرسہ کو زیادہ سے زیادہ تعاُون فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے میں دینی اور عصری دونوں طرح کی تعلیم دی جاتی ہے، اور عوام کے تعاون سے مدرسہ کو مزید بہتر اور محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر مدرسہ دارالعلوم رشیدیہ کے ناظم قاری نجیب اللہ رحیمی اور مولانا مستقیم نے تمام مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس تقریب میں محمد جعفر (سوشل ورکر)، عبدالقدیر (شمار ریسٹورنٹ)، سیف اللہ، مدرسہ کے عصری تعلیم کے اساتذہ (افرا بی۔ایڈ انگریزی، عظمیٰ بی۔ایس سی ریاضی) اور مدارس کے طلباء کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی احباب نے بھی شرکت کی۔












0 تبصرے