مسجدِ صالحین کے مؤذن خواجہ افتخار الدین عرف ذکی بھائی کا سعودی عرب میں انتقال
بیدر، 26 ستمبر (نامہ نگار)عمرہ کی ادائیگی کے لیے 13 ستمبر کو بیدر سے روانہ ہونے والے ائمہ و مؤذنین کے قافلے میں شامل مسجدِ صالحین کے مؤذن خواجہ افتخار الدین صاحب المعروف ذکی بھائی کا سعودی عرب میں انتقال ہوگیا۔
إنا لله وإنا إليه راجعون۔
تفصیلات کے مطابق عمرہ کی ادائیگی کے بعد واپسی کے سفر کے دوران قافلے کی بس ایک مقام پر رکی۔ اس دوران خواجہ افتخار الدین صاحب نے کھانا تناول کیا اور وضو کیا۔ بعد ازاں جب قافلہ دوبارہ روانہ ہوا تو اچانک انہیں چکر آیا اور وہ گر پڑے، جس کے بعد ان کا انتقال ہوگیا۔
مرحوم اپنی اہلیہ کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب گئے تھے۔ مقدس سرزمین پر ان کے انتقال کی خبر سے اہلِ خانہ، رشتہ داروں اور ساتھیوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
مرحوم خواجہ افتخار الدین صاحب الحاج محمد فخرالدین صاحب مرحوم ساکن تلاؤڑی بیدر کے فرزند تھے۔
اس سلسلے میں انجمن خدامِ حج کے معتمد اور ریاستِ کرناٹک حج کمیٹی کے رکن سید منصور احمد قادری نے بتایا کہ مرحوم کی میت سے متعلق ضروری کارروائی سعودی عرب میں موجود متعلقہ ویزا کمپنی، شبیر ٹورس اینڈ ٹریولز کے ذمہ داران اور دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے انجام دی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امکان ہے کہ مرحوم کی میت کو مدینہ منورہ لے جایا جائے گا، جہاں جنت البقیع میں تدفین عمل میں آئے گی۔
سید منصور احمد قادری نے مرحوم کی اہلیہ، اہلِ خانہ، رشتہ داروں اور تمام متعلقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم خواجہ افتخار الدین ذکی بھائی، فرزندِ الحاج محمد فخرالدین صاحب مرحوم، تلوادی، بیدر کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کا عمرہ اور سفر قبول فرمائے اور ان کی اہلیہ سمیت تمام پسماندگان کو صبر و حوصلہ عطا فرمائے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور انہیں اپنی رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین۔








0 تبصرے