بیدر میں عید میلادالنبی ﷺ کا عظیم الشان جلوس، ہندو مسلم اتحاد کی خوبصورت مثال قائم
بیدر، 26 اگست ( نامہ نگار ) مرکزی میلاد کمیٹی بیدر کی جانب سے 12 ربیع الاول، بروز چہار شنبہ، عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر عظیم الشان جلوس نکالا گیا۔ جلوس صبح 10 بجے بیدر شہر کے نبی خانہ سے روانہ ہوا۔ جلوس نبی خانہ سے گوان چوک، مرکزی مسجد، شاہ گنج، امبیڈکر سرکل، مہاویر سرکل، بسویشور سرکل، نئی کمان، تعلیم صدیق شاہ اور چوبارہ سے ہوتا ہوا جامع مسجد بیدر پہنچا، جہاں جلوس کا اختتام عمل میں آیا۔ جلوس میں علماء کرام، مشائخ عظام، سیاسی و سماجی قائدین، کونسلرز، نوجوانوں اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر سوریہ کانت شینکار، چندر شیکھر گادا، کاشی ناتھ شیلونت، سدرام تمباکے، دیویندر ایمی کر، وشال نندگاؤلی سمیت دیگر برادرانِ وطن نے بھی جلوس میلادالنبی ﷺ میں شرکت کی۔شاہ گنج کمان پر برادرانِ وطن کی جانب سے جلوس کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور شرکائے جلوس پر پھولوں کی بارش کی گئی۔
ہندو مسلم گنگا جمنی تہذیب کی اس خوبصورت تصویر نے ہر شخص کے دل کو چھو لیا۔جلوس کے راستوں پر مختلف مقامات پر برادرانِ وطن اور دیگر افراد کی جانب سے شرکائے جلوس میں مٹھائیاں، شربت، ٹھنڈا پانی اور پھل تقسیم کیے گئے۔ جگہ جگہ لوگوں نے محبت اور خلوص کے ساتھ جلوس میں شریک افراد کی خدمت کی، جس سے شہر میں بھائی چارے، باہمی محبت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا خوبصورت پیغام عام ہوا۔اس موقع پر جلوس میں شامل احباب نے کہا کہ برادرانِ وطن کی جانب سے جس انداز میں جلوس میلادالنبی ﷺ کا استقبال کیا گیا، اس سے بیدر شہر نے ہندو مسلم اتحاد کی ایک ایسی مثال پیش کی ہے جس کی پورے ملک میں نظیر ملنا مشکل ہے۔جلوس میں شامل افراد نے برادرانِ وطن کی شال پوشی اور گل پوشی بھی کی اور شہر و ملک میں امن، خوشحالی، بھائی چارے اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔مرکزی میلاد کمیٹی کے صدر سید منصور احمد قادری نے محکمہ پولیس سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس محکمہ نے جلوس کے پُرامن انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے تمام شرکائے جلوس کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نظم و ضبط برقرار رکھا اور جلوس کو کامیاب بنایا۔اس موقع پر سابق وزیر و رکن اسمبلی جناب الحاج محمد رحیم خان، ڈاکٹر الحاج سید حسام الدین قادری عزیر، سابق میئر محمد غوث، محمد جاوید احمد، صدر جامع مسجد بیدر، جناب عزیز خان، چیئرمین جاسمین پی یو کالج بیدر، سید مبشر علی ابو، صدر انتظامیہ کمیٹی عیدگاہ سنی بیدر، سید سرفراز ہاشمی، سیکریٹری انتظامیہ کمیٹی عیدگاہ سنی بیدر، جناب محمد آصف الدین، چیئرمین ورنم گروپ آف انسٹی ٹیوشنز، شعیب احمد عرف سلمان، روی کالج بیدر، محمد سمیر الدین، کونسلر، محمد باسد، محمد عبیداللہ خان عطاری، ارشاد علی پہلوان، محمد یوسف، کانگریس سٹی پریسیڈنٹ بیدر، عبدالعزیز منا، نثار احمد، سابق رکن بلدیہ کے علاوہ شہر کے تمام مسلم کونسلرز اور دیگر معززینِ شہر موجود تھے۔جلوس کے اختتام پر جامع مسجد بیدر کے احاطے میں تمام شرکائے جلوس کے لیے پرتکلف طعام کا بھی اہتمام کیا گیا۔ یہ طعام سابق وزیر و رکن اسمبلی جناب الحاج محمد رحیم خان کی جانب سے کیا گیا تھا، جہاں شرکائے جلوس نے شرکت کی۔








0 تبصرے