حکومت امتحانی نظام کو شفاف بنائے، لاکھوں طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ برداشت نہیں: محمد علیم الدین بندنوازی
بیدر 13 مئی ( ناز میڈیا )میڈیکل داخلہ امتحان NEET 2026 کے منسوخ ہونے کے بعد ملک بھر کے لاکھوں طلبہ اور والدین میں بے چینی اور فکرمندی کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ پیپر لیک اور امتحانی بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آنے کے بعد حکومت ہند نے امتحان کو منسوخ کرتے ہوئے معاملہ کی مکمل تحقیقات سینٹرل بیورو آف انویسٹیگیشن (سی بی آئی) کے حوالے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) کی جانب سے بھی تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے تاکہ سچائی عوام کے سامنے آسکے اور طلبہ کے ساتھ انصاف ہو۔
اس موقع پر محمد علیم الدین بندنوازی نے حکومت اور تمام تعلیمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ طلبہ کے مستقبل کو دیکھتے ہوئے جلد از جلد NEET کی کلاسز دوبارہ شروع کی جائیں تاکہ بچوں کی پڑھائی متاثر نہ ہو اور ان کا ذہنی توازن برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کوچنگ سینٹرس اور تعلیمی ادارے طلبہ کو حوصلہ دیں، انہیں مثبت ماحول فراہم کریں اور اضافی مالی بوجھ ڈالنے کے بجائے ان کی رہنمائی کریں تاکہ بچے دوبارہ پوری توجہ کے ساتھ اپنی تیاری جاری رکھ سکیں۔
محمد علیم الدین بندنوازی نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہرگز مایوس نہ ہوں اور اپنے ذہن میں یہ بات نہ رکھیں کہ “ہم ایک بار امتحان دے چکے ہیں، اب دوبارہ کیسے ہوگا؟” بلکہ وہ یہ سوچ اپنے دل و دماغ میں بٹھائیں کہ “اب ہم ایک نئے جذبے اور پہلے سے زیادہ مضبوط تیاری کے ساتھ امتحان دینے جا رہے ہیں، اور اس بار پہلے سے زیادہ اچھے نمبر حاصل کریں گے۔”
انہوں نے کہا کہ زندگی میں ایسے چیلنجز آتے رہتے ہیں اور گزرتے بھی رہتے ہیں۔ کامیاب وہی لوگ ہوتے ہیں جو مشکل حالات میں گھبرانے کے بجائے خود کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ ایک امتحان کا ملتوی یا منسوخ ہونا آپ کی محنت، قابلیت اور خوابوں کو ختم نہیں کرسکتا۔ اس لیے طلبہ ان چیزوں پر زیادہ توجہ نہ دیں بلکہ اپنی پڑھائی، اپنے مقصد اور اپنے مستقبل پر توجہ مرکوز رکھیں۔ آج اگر حالات مشکل ہیں تو کل یہی مشکلات آپ کی کامیابی کی سب سے بڑی طاقت بن سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ سوشل میڈیا کی افواہوں، ذہنی دباؤ اور منفی باتوں سے دور رہیں۔ روزانہ اپنی کلاسز اٹینڈ کریں، منظم انداز میں مطالعہ جاری رکھیں اور پورے اعتماد کے ساتھ دوبارہ امتحان کی تیاری کریں۔ ہوسکتا ہے کہ یہی دوسرا موقع آپ کے لیے پہلے سے زیادہ بہتر رینک اور کامیابی لے کر آئے۔ اس لیے خود پر یقین رکھیں اور یہ عزم کریں کہ “ہم ایک بار پھر امتحان دیں گے، پہلے سے زیادہ محنت کریں گے اور بہترین نتائج حاصل کریں گے۔”
محمد علیم الدین بندنوازی نے والدین اور اساتذہ سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں پر غیر ضروری دباؤ نہ ڈالیں بلکہ ان کی ہمت بڑھائیں، کیونکہ اس وقت طلبہ کو خوف نہیں بلکہ حوصلے، اعتماد اور مثبت رہنمائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر طلبہ مضبوط ارادے، مستقل مزاجی اور محنت کے ساتھ دوبارہ تیاری کریں گے تو یقیناً کامیابی ان کے قدم چومے گی۔
آخر میں انہوں نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ NEET پیپر لیک معاملہ میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ چند افراد کی غلطی کی سزا لاکھوں محنتی طلبہ کو نہیں ملنی چاہیے۔ حکومت کو چاہیے کہ امتحانی نظام کو مزید محفوظ، شفاف اور مضبوط بنائے تاکہ طلبہ کا اعتماد بحال ہو اور وہ بلا خوف و فکر اپنے روشن مستقبل کی جانب آگے بڑھ سکیں۔








0 تبصرے