بیدر میں ایچ آئی وی اور ایڈز سے متعلق شعور بیداری کے لیے بائیک ریلی، 94 موٹر سائیکل سواروں کی شرکت
بیدر، 23 اکتوبر (نامہ نگار) ایچ آئی وی اور ایڈز پر قابو پانے اور عوام میں اس تعلق سے شعور بیدار کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے مختلف بیداری پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ ان پروگراموں سے استفادہ کرتے ہوئے ضروری معلومات حاصل کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار بیدر ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کے رکن سکریٹری اور سینئر سیول جج، جسٹس راگھویندر اپادھیائے نے کیا۔
وہ بیدر شہر میں حال ہی میں منعقدہ ضلع سطح کی ایچ آئی وی اور ایڈز سے متعلق شعور بیداری بائیک ریلی کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر بیدر شہر کے دوسرے گیٹ پر واقع نہرو اسٹیڈیم سے بی وی بی کالج کے گیٹ تک بائیک ریلی نکالی گئی، جس میں عوام کو ایچ آئی وی اور ایڈز سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اس بیماری کے بارے میں درست معلومات حاصل کرنے کا پیغام دیا گیا۔
پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ضلع صحت و خاندانی بہبود افسر ڈاکٹر دھیانیشور نرگڈے نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایچ آئی وی اور ایڈز کی روک تھام کے لیے مختلف اطلاعاتی، تعلیمی اور شعور بیداری پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ عوام کو ان پروگراموں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بیماری سے متعلق معلومات حاصل کرنی چاہیے اور صحت کے تحفظ کے لیے بیدار رہنا چاہیے۔
بیدر ضلع ایڈز کنٹرول و انسداد یونٹ کے ضلع ایڈز کنٹرول افسر ڈاکٹر انیل کمار چنتامنی نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد عوام میں ایچ آئی وی اور ایڈز سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنا اور ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کے ساتھ سماج میں کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک اور بدنامی کے رویے کو روکنے کے لیے شعور بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردی اور احترام کا برتاؤ کیا جائے۔
اس بائیک ریلی میں مختلف ڈگری کالجوں کے طلبہ و طالبات اور محکمہ صحت کے ملازمین سمیت مجموعی طور پر 94 موٹر سائیکل سواروں نے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ ڈاپکو، آئی سی ٹی سی، اے آر ٹی، ڈی ایس آر سی، ایس آر ایل، بلڈ اسٹوریج، پروَردھا، ایل بی ای ایس اور ایس ٹی پی آر ڈی ایس سے وابستہ عملے نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر ضلع سرجن ڈاکٹر ایم ڈی احمد الدین، بیدر میڈیکل کالج برمس کے ماس نوڈل افسر ڈاکٹر دلیپ راٹھوڑ، ضلع جذام انسداد افسر ڈاکٹر کرن پاٹل، ضلع سرویلنس افسر ڈاکٹر شنکرپا بوما، آر سی ایچ افسر ڈاکٹر مہادیوپا ایچ، ڈاکٹر دلیپ ڈونگرے، ضلع ویکٹر بورن بیماریوں کے کنٹرول افسر ڈاکٹر راج شیکھر پاٹل اور تعلقہ صحت افسر ڈاکٹر سنگاریڈی سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔









0 تبصرے