بیدر میں یکم نومبر کو کنڑ راجیہ اتسوا شاندار پیمانے پر منایا جائے گا: ڈپٹی کمشنر شلپا شرما
بیدر، 23 اکتوبر (نامہ نگار) ضلع بیدر میں یکم نومبر کو کنڑ راجیہ اتسوا کو بامقصد، منظم اور پُرکشش انداز میں منانے کے لیے ضروری انتظامات کیے جائیں۔ یہ ہدایت ڈپٹی کمشنر شلپا شرما نے افسران کو دی۔وہ جمعرات کو ڈپٹی کمشنر دفتر کے کانفرنس ہال میں کنڑ راجیہ اتسوا کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خطاب کر رہی تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تقریب کو کسی بھی قسم کی کوتاہی کے بغیر منظم انداز میں منعقد کرنے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ متعلقہ کمیٹیاں اپنی ذمہ داریوں کو خصوصی دلچسپی کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی کنڑ راجیہ اتسوا سے ایک دن قبل سرکاری دفاتر اور شہر کے مختلف چوراہوں پر صفائی اور برقی قمقموں سے آرائش کے انتظامات کیے جائیں۔انہوں نے بتایا کہ یکم نومبر کو صبح 7:45 بجے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور مختلف تنظیموں کی عمارتوں پر قومی پرچم لہرانا لازمی ہوگا۔ اس کے بعد صبح 7:50 بجے تمام سرکاری افسران، ملازمین اور اسکول و کالج کے طلبہ کو بسویشور سرکل پر جمع ہونا ہوگا۔صبح 8 بجے ماں بھونیشوری کی تصویر کے ساتھ جلوس نکالا جائے گا، جو شہر کے بھگت سنگھ سرکل، امبیڈکر سرکل اور جنرل کریپا سرکل سے گزرتے ہوئے نہرو اسٹیڈیم پہنچے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ اس جلوس میں متعلقہ افسران اور ملازمین کی شرکت لازمی ہوگی۔ اسکول اور کالج کے طلبہ کی شرکت کو یقینی بنانے کی ذمہ داری محکمہ تعلیم کے ڈپٹی ڈائریکٹر (ڈی ڈی پی آئی) اور محکمہ پری یونیورسٹی تعلیم کے ڈپٹی ڈائریکٹر (ڈی ڈی پی یو) کو سونپی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صبح 9 بجے نہرو اسٹیڈیم میں ضلع کے انچارج وزیر ایشور کھنڈرے پرچم کشائی کریں گے۔ اس موقع پر پولیس محکمہ، ہوم گارڈز اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے پریڈ کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مختلف اسکولوں کے طلبہ ثقافتی پروگرام پیش کریں گے اور مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو تہنیت پیش کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ یکم نومبر کی شام 5:30 بجے سے پوجیہ چن بسو پٹّاد دیورو رنگ مندر میں ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔اجلاس میں کنڑ ساہتیہ پریشد کے ضلعی صدر سریش چنّا شیٹی، ضلع سرکاری ملازمین یونین کے صدر راج شیکھر پاٹل، لوک فنون اکیڈمی کے رکن وجے کمار سونارے، سرحدی ترقیاتی اتھارٹی کے رکن سنجیو کمار اتیوالے سمیت مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے اپنی تجاویز پیش کیں۔اس موقع پر ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر گیتّے مادھو وٹھل راؤ، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ پردیپ گنٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سریکھا، اسسٹنٹ کمشنر ابھینو جین، ایڈیشنل ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ چندرکانت پجاری سمیت ضلع سطح کے مختلف محکموں کے افسران اور تنظیموں کے عہدیداران موجود تھے۔







0 تبصرے