خشک سالی سے متاثرہ کسانوں کو فی ہیکٹر 35 ہزار روپے معاوضہ دیا جائے: کرناٹک پردیش کرشک سماج
بیدر9 اکتوبر(نامہ نگار ) خشک سالی کے باعث فصلوں کو ہونے والے نقصان کے پیش نظر کرناٹک پردیش کرشک سماج نے مطالبہ کیا ہے کہ مہاراشٹر کی طرز پر بیدر ضلع کے متاثرہ کسانوں کو فی ہیکٹر 35 ہزار روپے معاوضہ فراہم کیا جائے۔ اس سلسلے میں کرشک سماج کے ضلعی صدر سدرامیا سوامی اور ریاستی ڈائریکٹر وشوناتھ پاٹل مڈگول نے جمعرات کو بنگلورو میں وزیر زراعت پی ایم نریندر سوامی کو یادداشت پیش کی یادداشت میں مطالبہ کیا گیا کہ چھوٹے اور انتہائی چھوٹے کسانوں سمیت تمام کسانوں کے دو لاکھ روپے تک کے قرضے معاف کیے جائیں۔ اس کے علاوہ ربیع کی فصلوں کی بوائی کے لیے مفت بیج، کھاد اور کیڑے مار ادویات فراہم کی جائیں۔کرشک سماج نے بیدر کوآپریٹیو شوگر فیکٹری کو حکومت اپنے زیر انتظام لے کر یا کسی ادارے کو لیز پر دے کر آئندہ سال سے دوبارہ شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ یادداشت میں بتایا گیا کہ اس فیکٹری کے تقریباً 25 ہزار حصہ دار ہیں۔ بیدر ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینک سے حاصل کردہ قرض کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث فیکٹری دو مرتبہ نیلامی کے مرحلے تک پہنچ چکی ہے۔تنظیم نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے بینک کے قرض پر عائد سود معاف کروانے کے لیے اقدامات کرے، تاکہ فیکٹری کو دوبارہ شروع کیا جا سکے اور کسانوں کو راحت ملے۔سدرامیا سوامی نے بتایا کہ وزیر زراعت نے ان کے مطالبات پر مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔







0 تبصرے