شمال مشرقی اساتذہ حلقہ انتخاب: 14 امیدواروں کے نامزدگی کاغذات درست قرار
گلبرگہ 7 اکتوبر (نامہ نگار) کرناٹک قانون ساز کونسل کے شمال مشرقی اساتذہ حلقہ سے ایک رکن کے انتخاب کے لیے داخل کیے گئے 15 امیدواروں کے نامزدگی کاغذات کی جانچ پڑتال بدھ کے روز مکمل ہوئی۔ جانچ کے بعد 14 امیدواروں کے نامزدگی کاغذات درست قرار دیے گئے ہیں۔ یہ اطلاع حلقہ کی انتخابی افسر اور گلبرگہ ڈویژن کی علاقائی کمشنر زہیرہ نسیم نے دی۔
انہوں نے بتایا کہ انڈین نیشنل کانگریس کے امیدوار شرنپا مٹور ولد ہنمنتپا، بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار ششیل جی نموشی ولد گنگادھر نموشی، عام آدمی پارٹی کے امیدوار سائبنا ولد ناگیندر اور جنتا دل (متحدہ) کے امیدوار شنکرے ریڈی پاٹل ولد لنگنا گوڑ پاٹل کے نامزدگی کاغذات درست پائے گئے ہیں۔
اسی طرح آزاد امیدواروں میں کوی راج ولد ناگنا، تلسپا داسر ولد کریپا داسر، نبی رسول ولد دستگیر صاب جکاتی، محبوب ولد محمد خواجہ حسین ونٹیلی، راج کمار ولد مانکپا، راجو ولد دیوپا، شرن بسپا ولد پیراپا، ششی دھر ولد بسواراج، شیو شنکر ولد اناپا اور ڈاکٹر سریش ولد داؤدپا کے نامزدگی کاغذات بھی درست قرار دیے گئے ہیں۔
تاہم آزاد امیدوار کی حیثیت سے نامزدگی کاغذات داخل کرنے والے نصیر الدین ولد خواجہ معین الدین کے کاغذات مسترد کر دیے گئے ہیں۔انتخابی افسر نے بتایا کہ نامزدگی کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ 9 اکتوبر ہے۔ اسی روز انتخابی میدان میں باقی رہنے والے امیدواروں کی حتمی تصویر واضح ہوجائے گی۔
نامزدگی کاغذات کی جانچ پڑتال انتخابی مبصر شیوکمار کے۔ بی۔ کی موجودگی میں ہوئی۔ اس موقع پر معاون انتخابی افسر اور گلبرگہ کے ڈپٹی کمشنر اکرم شریف سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔









0 تبصرے