ڈی سی سی بینک کی جانب سے بی ایس ایس کے فیکٹری کی نیلامی کے خلاف کسانوں کا احتجاج
بیدر، 2 ستمبر (نامہ نگار) ڈی سی سی بینک کی جانب سے بیدر کی قدیم بی ایس ایس کے (BSSK) شوگر فیکٹری کی نیلامی کے عمل کے خلاف کسانوں نے بدھ کے روز شہر میں واقع ڈی سی سی بینک کے سامنے زبردست احتجاج کیا۔سینکڑوں کسان نعرے لگاتے ہوئے ڈی سی سی بینک کے گیٹ کے قریب پہنچے اور بینک کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے کسانوں کو روکنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم احتجاجی کسانوں نے پولیس کی رکاوٹوں کی پرواہ کیے بغیر بینک کا گیٹ دھکیل کر اندر داخل ہو گئے اور شدید نعرے بازی کی۔اس موقع پر کسان رہنما شریمنت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ضلع کی قدیم ترین فیکٹریوں میں بی ایس ایس کے فیکٹری کا شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی فیکٹری کی وجہ سے ڈی سی سی بینک نے ترقی کی، لیکن فیکٹری کی انتظامیہ نے فیکٹری کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیلامی کے عمل کو صرف ملتوی نہ کیا جائے بلکہ حکومت کے حکم کے مطابق نیلامی کا عمل مکمل طور پر منسوخ کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر نیلامی کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا تو کسان ایک مرتبہ پھر شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔کسانوں کے احتجاج کو ہمناآباد کے رکن اسمبلی سدھو پاٹل، بیدر جنوبی حلقے کے رکن اسمبلی ڈاکٹر شیلیندر بیلدالے سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی حمایت دی۔کسانوں کے شدید احتجاج کے بعد ڈی سی سی بینک کے انتظامی افسران نے نیلامی کے عمل کو ملتوی کر دیا۔







0 تبصرے