بیدر، 23 ستمبر ( نامہ نگار )بنگلورو کرناٹک فوٹوگرافی ایسوسی ایشن اور بیدر فوٹوگرافر و ویڈیوگرافر ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام بیدر کے شیرونگر میں واقع سائی سمرتھ فنکشن ہال میں 187ویں عالمی یومِ فوٹوگرافی کے موقع پر ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کا افتتاح سابق وزیر و بیدر کے رکن اسمبلی رحیم خان نے شمع روشن کرکے اور پودے کو پانی دے کر کیا۔تقریب میں جے ڈی ایس پارٹی کے رہنما سوریہ کانت ناگامارپلی نے بطور مہمان شرکت کی اور خطاب کیا۔اس موقع پر رکن اسمبلی رحیم خان نے ضلع بھر سے آئے فوٹوگرافروں اور ویڈیوگرافرز کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے معاشرے میں ان کی اہم خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فوٹوگرافی محض تصاویر کھینچنے کا فن نہیں بلکہ اہم لمحات اور یادوں کو محفوظ رکھنے، تاریخی و سماجی واقعات کو دستاویزی شکل دینے اور معاشرے کی مؤثر عکاسی کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
انہوں نے فوٹوگرافروں اور ویڈیوگرافرز کی پیشہ ورانہ خدمات اور معاشرے میں ان کے نمایاں کردار کو سراہتے ہوئے عالمی یومِ فوٹوگرافی کے موقع پر تمام فوٹوگرافروں اور ویڈیوگرافرز کو مبارکباد پیش کی۔تقریب میں بنگلورو کرناٹک فوٹوگرافی ایسوسی ایشن کے صدر جناب ناگیش اپنے یونین کے اراکین کے ہمراہ موجود تھے۔ اس کے علاوہ بیدر فوٹوگرافر و ویڈیوگرافر ایسوسی ایشن کے صدر، نائب صدر، سیکریٹری، دیگر عہدیداران اور ضلع بیدر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے فوٹوگرافرز و ویڈیوگرافرز نے شرکت کی۔









0 تبصرے