روباط میں منتخب 52 عازمینِ حج کا پہلا قافلہ بیدر سے حیدرآباد حج ہاؤس کے لیے روانہ
بیدر، 6مئی ( نامہ نگار )ضلع بیدر سے اس سال مجموعی طور پر 310 عازمینِ حج فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں آج 5 مئی 2026 بروز منگل صبح جامع مسجد بیدر سے پہلا قافلہ حج ہاؤز حیدرآباد کے لیے روانہ کیا گیا۔
آج روانہ ہونے والا یہ پہلا قافلہ اُن 52 عازمینِ حج پر مشتمل تھا جو روباط میں منتخب ہوئے تھے، اور یہی عازمین آج پہلے قافلے کی صورت میں روانہ کیے گئے۔
عازمین ایک بس کے ذریعے حیدرآباد کے لیے روانہ ہوئے، جو جامع مسجد سے نکل کر چوبارہ اور نئی کمن کے راستے آگے بڑھا۔اس موقع پر انجمن خادم الحجاج ضلع بیدر کے نائب صدر جناب الحاج محمد ایاز الحق، مالک کرناٹک چھالیا اسٹور نے سبز پرچم لہرا کر بس کو روانہ کیا۔عازمین کو رخصت کرنے کے لیے جامع مسجد بیدر میں رشتہ داروں، دوستوں اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر فضا تلبیہ “لبیک اللہم لبیک” کی روح پرور صداؤں سے گونج اٹھی، اور حاضرین نے انہی بابرکت کلمات کے ساتھ عازمینِ حج کو رخصت کیا۔ ہر طرف جذباتی اور روحانی مناظر دیکھنے کو ملے، جہاں لوگ عازمین سے ملاقات کرتے ہوئے دعاؤں کی درخواست کر رہے تھے۔ہر سال کی طرح اس سال بھی میونسپل ایڈمنسٹریشن اور وزیر برائے بلدیات و حج جناب رحیم خان کی جانب سے ایک بس کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔اس موقع پر سابق چیئرمین میونسپل کارپوریشن محمد غوث، ارشاد علی پہلوان، محمد ریاض احمد، سید اسماعیل قادری، محمد اصف حسین، محمد اعظم خان سمیت انجمن خادم الحجاج ضلع بیدر کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔یہ منظر عقیدت، محبت اور روحانیت سے لبریز تھا، جہاں تلبیہ کی گونج اور دعاؤں کے ساتھ ہر شخص عازمینِ حج کو رخصت کرتا نظر آیا۔









0 تبصرے