آتم نربھر بھارت کی سمت مرکز کا مضبوط قدم: رکنِ اسمبلی ڈاکٹر بیلدالے معیشت کو رفتار دینے والا بجٹ قرار
بیدر2 فروری ( نامہ نگار) بی جے پی کے ریاستی سکریٹری اور رکنِ اسمبلی ڈاکٹر شیلندر بیلدالے نے مرکزی بجٹ کو ملک کی معیشت کو نئی رفتار دینے والا اور عوام کے مفاد پر مبنی بجٹ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میک اِن انڈیا کو ترجیح دے کر آتم نربھر بھارت کے وژن کو مزید مضبوط کیا گیا ہے۔ یہ بجٹ سب کا ساتھ، سب کا وکاس” کے اصول کے ساتھ سب کا وشواس حاصل کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی مضبوط قیادت اور ترقی یافتہ و عالمی رہنما بھارت کے وژن کے تحت وزیرِ خزانہ نرملا سیتارامن کی جانب سے پیش کردہ بجٹ میں معاشی انقلاب کی نئی بنیاد رکھنے والے نکات شامل ہیں۔ بجٹ میں غریبوں، نوجوانوں، کسانوں، پسماندہ طبقات اور خواتین کو بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ہر ضلع میں طالبات کے لیے ایک ہاسٹل کے قیام کا اعلان ایک اہم اور مثبت اقدام ہے۔ڈاکٹر شیلندر بیلدالے نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں دیسی وسائل کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ جوہری توانائی منصوبوں کے ذریعے آئندہ دہائی میں دفاع سمیت مختلف شعبوں کو مضبوط بنانے کی منصوبہ بندی بھی قابلِ ذکر ہے۔انہوں نے بتایا کہ عوامی صحت کے شعبے پر خاص توجہ دیتے ہوئے کینسر، شوگر سمیت 17 بیماریوں کی ادویات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔ نئی ہائی اسپیڈ ریل لائنوں کے قیام میں حیدرآباد–بنگلورو روٹ کی شمولیت سے اس خطے کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔ان کے مطابق زراعت، صنعت، تعلیم، دفاع، آئی ٹی-بی ٹی، شہری و دیہی ترقی سمیت تمام شعبوں کا احاطہ کرنے والا یہ بجٹ مضبوط بھارت کے وژن کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف عوامی فلاحی اسکیموں کے اعلانات کے ذریعے ترقی کی نئی امید پیدا کی گئی ہے۔ڈاکٹر شیلندر بیلدالے نے شاندار بجٹ پیش کرنے پر وزیرِ اعظم نریندر مودی اور وزیرِ خزانہ نرملا سیتارامن سے دلی تشکر کا اظہار بھی کیا۔









0 تبصرے